بنگلورو(ایس او نیوز) ریاست میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کے خلاف اٹھنے والے طوفان برگشتگی کو ختم کرنے کے سلسلے میں آج ریاستی وزیر آر وی دیش پانڈے نے سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشناسے ملاقات کی۔ سابق وزراءسرینواس پرساد ، قمر الاسلام ، اے بی مالکا ریڈی اور دیگر کی طرف سے ایس ایم کرشنا سے ملاقات کے بعد دیش پانڈے کی ملاقات کافی اہمیت کی حامل سمجھی جارہی ہے۔ ریاستی کابینہ میں ردوبدل کے بعد سدرامیا کی قیادت پر سوالیہ نشان لگانے والے برگشتہ اراکین سرینواس پرساد ، امبریش ، قمرالاسلام وغیرہ کا یہ دعویٰ کہ ایس ایم کرشنا ، ان کے گروپ کی قیادت کرنے والے ہیں اسے دیکھتے ہوئے دیش پانڈے نے آج ایس ایم کرشنا کو اس بات کیلئے منایا کہ وہ کسی بھی حال میں برگشتہ اراکین کی قیادت منظور نہ کریں۔ آج بھی برطرف وزراءنے سرینواس پرساد کے گھر میں اپنی میٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ مسٹر دیش پانڈے نے کہاکہ برگشتہ اراکین کی طرف سے ایس ایم کرشنا سے ملاقات کو قطعاً پارٹی سے بغاوت سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا ، ان لوگوں نے اپنی شکایت سینئر رہنما کے سامنے رکھی ہے، اس پر انہوں نے مناسب کارروائی کا وعدہ کیا ہے۔ دیش پانڈے نے کہاکہ بہت جلد ہی وزارت سے برطرف اور محروم ہونے والے اراکین اسمبلی کو منانے میں وزیراعلیٰ سدرامیا کامیابی حاصل کرلیں گے، سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے صدور کے تقرر کے مرحلے میں ان اراکین اسمبلی کی شکایت کو حتی الامکان دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔